Dacoit

کراچی میں پانچ پولیس مقابلوں کے دوران 9 زخمی سمیت 11 ڈاکو گرفتار

کراچی: سائٹ سپرہائی وے، سرسید، اسٹیل ٹاؤن، کورنگی بلال چورنگی اور مہران ٹاؤن میں پولیس مقابلوں کے بعد 9 زخمی سمیت 11 ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔

ایک پولیس مقابلہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے ناردرن بائی پاس پر کیا جس میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت اسامہ ولد پرویز اور جبار ولد حاجی مجاز کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی جس کا نام شمس عرف سلے معلوم ہوسکا ہے فرار ہوگیا، ملزمان سے ایک بے بی کلیشن تیس بور، ایک نائن ایم ایم پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے سب انسپکٹر سید فیصل جعفری کا کہنا ہے کہ زخمی حالت میں گرفتار ملزمان نے گزشتہ سال فقیرہ گوٹھ میں فائرنگ کر کے 11 سالہ مجاہد ولد اللہ داد کو زخمی کیا تھا جس کا مقدمہ سائٹ سپرہائی وے تھانے میں درج ہے، گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف اسلحہ ایکٹ، اقدام قتل اور پولیس مقابلے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے، گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد ان کے فرار و دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔