پاکستان،بھارت،ملائیشیا،انڈونیشیا،بنگلہ دیش میں عید ہفتے کوہوگی

اسلام آباد: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں کہیں بھی شوال چاند نظر آ نے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اس لیے عید الفطر ہفتہ21 مارچ ہفتے کو منائی جائیگی۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آ باد میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت ہوا۔اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اسلام آباد کے علاوہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔اسلام آ باد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک میں کہیں بھی ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ رمضان 1447 ہجری کے مکمل 30 روزے ہوں گے اور عید الفطر 2026 ء ہفتہ 21 مارچ کو منائی جائیگی۔خیال رہے کہ زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو 6 شہادتیں موصول ہوئی تھیں۔

زونل کمیٹی کے مطابق 5 شہادتیں ٹیلی فون کے ذریعے موصول ہوئیں، ایک گواہ خود چل کر زونل کمیٹی کے پاس پہنچا۔ شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیج دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی، چاند دیکھنے کی جتنی شہادتیں ملیں ان کی شرعی حیثیت نہیں۔

اس کے علاوہ ملک کی کسی بھی زونل کمیٹی کو چاند دیکھے جانے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ادھربھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور بھارتی مسلمان بھی عید الفطر 21 مارچ کو منائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر لکھنؤ اور حیدرآباد میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔لکھنؤ اور حیدرآباد میں مسلم علما کونسل نے بھی عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب ملائیشیا، انڈونیشیا اور بنگلادیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور عید 21 مارچ ہفتے کو ہوگی۔