وزیراعظم، وزیراعلیٰ کے پی ملاقات: شہباز شریف نے امن کیلئے وفاق و صوبے کا تعاون ناگزیر قراردے دیا

اسلام آباد:  وزیراعظم شہبازشریف سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے صوبے میں امن و امان کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کا تعاون ناگزیر قرار دیا ۔

وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی شہباز شریف سے ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی، ملاقات میں مشیر خزانہ کے پی کے مزمل اسلم، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثنااللہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ کے پی کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت انسداد دہشتگردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔

اعلامیے کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھا صوبائی حکومت با اختیار ہے،کے پی حکومت قیام امن اور عوامی فلاح کیلئے اپنی آئینی ذمہ داری نبھائے، عوام کی صحت و تعلیم کیلئے اقدامات کیےجائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کے عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے، مشاورت اور اشتراک سے قومی یکجہتی اورخوشحالی کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔