پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی افتتاحی تقریب، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی شرکت

وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خدمت ہمارانصب العین اورشفافیت کے فروغ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں، پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (پی اے ایف ڈی اے)کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑسمیت وفاقی وصوبائی وزرا،اسمبلی ممبران و دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ملک کے جس کونے میں بھی جائیں عوامی خدمت کے منصوبوں پر مسلم لیگ (ن)کی ہی مہر نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اسی طرح ملک کے کونے کونے میں عوامی منصوبوں کے جال بچھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا منصوبہ عوام کی بہت بڑی خدمت ہے جس پر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،عمارت جوکھنڈرات کی تصویر بن گئی تھی، آج یہ جدید مشینری سے لیس ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باجود عالمی معیار کی ٹیسٹنگ لیب کا نہ ہونا افسوس ناک امر تھا جس سے برآمد و درآمد کنندگان کو مسائل کا سامنا تھا اور لاکھوں کا نقصان ہو رہا تھا ،یہ 10 سال کی کٹھن محنت کا نتیجہ ہے ،آئندہ ماہ یہ مکمل ہو جائے گاجسے عالمی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا یہ صرف افتتاح نہیں بلکہ ترقی کا سفر ہے،میرٹ پر کسی بھی صورت سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ،سیٹلائٹ کرائم یونٹ کا دائرہ 38 اضلاع تک بڑھایا جائے گا ،خواتین سائنس دانوں کے لیے 2 ارب 30 کروڑ کی لاگت سے ہاسٹل قائم کیا جائے گا ،اے آئی کا دائرہ کار سکولوں تک وسیع کیا جائے گا،ورچوئل پولیس سٹیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے ،کاروبار کی آسانی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، ایک بزنس کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا باقاعدہ افتتاح کیا اور بعد ازاں اتھارٹی کے مختلف شعبوں ولیبارٹری کا معائنہ کیا۔اس موقع پر پاکستان کی پہلی پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے خدوخال اور اعراض و مقاصد کے بارے میں معلوماتی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔