بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے متعدد حملے ناکام، فورسز کی کارروائیوں میں 67 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 12مقامات پر حملے ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 67دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بروقت اورموثر کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک فتنہ الہندوستان کے 58دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں جب کہ اس دوران سیکورٹی اداروں اور پولیس کے 10جوان اس دھرتی اور عوام کی حفاظت کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف لوکیشنز پر دہشت گردوں کا تعاقب اور انگیجمنٹ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ سیکورٹی فورسز اور پولیس کے 10شہدا کے علاوہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گوادر میں خضدار سے تعلق رکھنے والے ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5افراد سمیت 11شہریوں کو بھی شہید کر دیا، جن میں ایک خاتون کے علاوہ 3بچے بھی شامل ہیں۔سیکورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے آپریشنز اور فضائی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں کے دوران ہندوستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کی فتنہ الہندوستان کی مکمل سپورٹ دونوں کے گٹھ جوڑ کو مزید واضح کرتی ہے۔ذرائع کے مطابق یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس کے علاوہ دیگر کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 41دہشت گرد پہلے ہی جہنم واصل کر چکے ہیں۔