مسجد نبوی میں زائرین کو مزید سہولیات دینے کیلئے سمارٹ سینٹر قائم

سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مسجد نبوی میں رمضان منصوبے کے تحت کمانڈ اینڈ کنٹرول کے لیے سمارٹ انجینیئرنگ سینٹر کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر ادارہ امورحرمین کی جنرل اتھارٹی کے سی ای او انجینیئر غازی بن ظافر الشھرانی و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سمارٹ انجینیئرنگ سینٹرکے ذریعے مسجد نبوی میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار اور کارکردگی کی نگرانی بہتراور ڈیجیٹل طریقے سے کی جا سکے گی۔
سمارٹ سسٹم ڈیجیٹل آپریشنل ڈیٹا سے منسلک انٹرایکٹیو سکرینز سے لنک ہوگا جس کے ذریعے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
حرمین اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سمارٹ سینٹر کا مقصد جدید اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے زائرین کو خدمات کے حوالے سے منفرد تجربہ فراہم کرنا ہے۔