وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں منگل کی شام اچانک آسمان کا رنگ سرخ اور نارنجی ہو گیا، جس نے شہریوں کو حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیا۔ یہ منظر اتنا عجیب اور پراسرار تھا کہ دیکھنے والے کچھ دیر کے لیے خاموش اور حیران رہ گئے۔
شہر میں موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ آسمان پر نیچے لٹکتے بادل بھی سرخی مائل رنگ اختیار کر گئے تھے، جس سے پورے ماحول میں ایک خوفناک اور پراسرار کیفیت پیدا ہو گئی۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو گئیں اور لوگوں نے مختلف قسم کی باتیں شروع کر دیں۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آسمان پر چھائے ہوئے نچلے بادل آگ کی طرح چمک رہے ہیں۔ یہ منظر ایک ایسے وقت میں دیکھنے میں آیا ہے جب پورا ملک حال ہی میں آنے والے زلزلوں کی تباہ کاریوں سے سنبھلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اسے کسی بڑی آفت یا قیامت کی نشانی قرار دیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ وینزویلا کو خدا کے حضور گڑگڑانا چاہیے، مشکل وقت آنے والا ہے اور انہیں بدعنوانی، تکبر اور جادو ٹونے کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔
ایک اور صارف نے اسے پورے شہر پر موت کا سایہ قرار دیا تو کوئی اسے قیامت کی آہٹ کہہ رہا ہے۔
اگرچہ عوام اسے کسی خوفناک واقعے کی علامت سمجھ رہے ہیں، لیکن ماہرینِ موسمیات نے اس کی سائنسی وجہ بتائی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ایک قدرتی عمل ہے جسے ریلے اسکیٹرنگ یا کاندیلازو کہا جاتا ہے۔ ہوا میں موجود صحارا کے ریگستان کی باریک دھول ایک قدرتی چھلنی کا کام کر رہی ہے، جو نیلی روشنی کو بکھیر دیتی ہے اور صرف سرخ اور نارنجی رنگوں کو گزرنے دیتی ہے۔

