ڈیووس:عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات کو سنجیدگی سے اپنانے پر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کے نتائج اب سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے اصلاحات کو سنجیدگی سے اپنایا ہے اور ان اقدامات کے ثمرات واضح ہیں، بجٹ نظم و ضبط بہتر ہونے سے ایسے وسائل میسر آ رہے ہیں جنہیں عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کرسٹالینا نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی پاکستان کے ساتھ کافی عرصے سے تعمیری مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی سنجیدگی کی تعریف کی اور کہا کہ جب وزیراعظم شہباز شریف کسی کام کا وعدہ کرتے ہیں تو وہ مکمل ہو کر رہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں نتیجہ خیز رہیں جن میں اب تک کی پیش رفت اور ان شعبوں پر بات ہوئی جہاں مزید کام کی ضرورت ہے، یہی طریقہ کار حالیہ ملاقاتوں میں بھی اختیار کیا گیا۔
آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے وزیراعظم اور ان کی کابینہ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے مشکل مگر ضروری اصلاحات کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ ہیں، حالانکہ ان اصلاحات کے سیاسی اثرات بھی ہوتے ہیں۔

