کراچی:ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر مصطفی کمال نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے تحت ہماری نسل کشی ہورہی ہے لہذا وفاقی حکومت آرٹیکل 148 کے تحت کراچی کو وفاق کا حصہ قرار دے۔
کراچی میں بہادرآباد آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصظفی کمال نے کہا کہ یہ شہر ایسا نہیں تھا، کتنا خون دیں اور کتنے حادثات برداشت کریں، یہ اس شہر کے رہنے والوں کی نسل کشی ہورہی ہے، یہ نسل کشی کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں کی تسلیاں کوئی اہمیت نہیں رکھتیں، ایم کیوایم بڑی جماعتوں میں سے ایک ہے،ہم اپنی ذمہ داری اچھی طرح سمجھتے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ نہ دیکھیں کہ کس لہجہ میں کہہ رہا ہے یہ دیکھیں کیا کہہ رہا ہے، ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کراچی کو وفاق کا حصہ قرار دیا جائے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ریاست کیساتھ تعاون کرکے راکا اسلحہ جمع کرکے ریاست کو دیا، ریاست 30 سالوں تک را کے تسلط کو ختم کرنے میں ناکام رہی، ریاست کو اس شہر سے را کے دیے گئے اسلحوں کے ٹرک بھر کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہر کن لوگوں کے حوالے کر دیا ہے، ایک دن میں100 لوگ مرتے تھے، یہ کھلی کھلی جمہوری دہشت گردی ہے، کتنے اور لوگ جل کر مریں، کتنے مزید بچے گٹر میں گرکرمریں، ہماری داد رسی کب ہوگی ؟ لوگوں کو کیا تسلی دیں؟ یہ شہر ایسا نہیں تھا۔
سندھ حکومت سے جب شکایت کریں تو جواب آتا ہے بلدیہ فیکٹری کی آگ کا جواب دو،بھتا خوری کا جواب دو، کیا اس کا جواز یہ ہے؟ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 18 سال سے آپ لوگوں کی حکمرانی ہے، آپ اس طرح کے سانحات کا انتظار کرتے ہیں، ایم کیوایم کے میئر کے زمانے میں بھی آگ لگی ہے۔
بولٹن مارکیٹ میں لگی آگ کس کو یاد نہیں، وفاق اور ریاست کے اداروں سے کہتاہوں، یہ شہر اور کتنی قربانی دے، وزیراعظم چاہتے ہوئے بھی شہر کیلئے کچھ نہیں کرسکتے، کیونکہ پیپلزپارٹی ناراض ہوجاتی ہے، اس حکومت کو چلانے میں پیپلزپارٹی کی ضرورت ہے اور مر ہم رہے ہیں۔
ہمیں کوئی ٹائم بتا دیں ، بتا دیں کہ آپ کے شہر میں اتنے لوگ مزید مریں گے، ہمیں صبرآجائے، دنیا چاند پر جارہی ہے، کراچی میں بچے گٹر میں گرکر مرجاتے ہیں۔مصطفی کمال نے کہا کہ یہ جو چاہیں کریں، ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں، ریاست سے دو باتیں کہتاہوں، اب بہت ہوچکا ، یہ نہیں سدھریں گے۔
کراچی اب ایسی ایڈمنسٹریشن کے حوالے رہنے کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا،کراچی کو آرٹیکل 148 اور 149 کے تحت دارالخلافہ کا حصہ بنایا جائے، آپ کراچی کو فائننشل کیپٹل ڈکلیئر کریں اور وفاق کے تحت لیں، 18ویں ترمیم کا ڈرامہ اب ختم ہونا چاہیے، اسی 18 ویں کے ذریعے ہماری نسل کشی ہورہی ہے، 18 ویں ترمیم ملک کیلئے ناسور بن گیا ہے اسے فوری ختم کیا جائے۔

