اسلام آباد:قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی رہنما نوید قمر نے کہا کہ گزشتہ روزخواجہ آصف نے سانحہ گل پلازہ پر بات کی اور ساتھ 18 ویں ترمیم لے آئے۔
(ن)لیگ کے پارلیمانی لیڈر کے بیان کو ہم حکومت کا پالیسی بیان سمجھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ بہت تجربے کیے گئے، ہر تجربے کے ساتھ ملک کو آدھا کیا، وفاق سے درخواست ہے تجربہ کرنا بند کرے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خواجہ آصف کے بیان کو ذاتی رائے قراردے دیا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہماری ذاتی آرا ہوتی ہیں، انہیں ذاتی رائے کے طور پر لیا جائے، ہر فیصلہ پارلیمنٹ کی رضامندی سے ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خواجہ آصف نے کہا تھا کہ 18ویں ترمیم ایک ڈھکوسلا ثابت ہوئی ہے، سارے اختیارات صوبائی حکومت کو منتقل ہوگئے ہیں، کراچی میں ہونے والے واقعات متقاضی ہیں کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔

