- راولپنڈی: آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنا مقدس امانت ہے، مسلح افواج ہمیشہ بہادر اور وقار پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ) آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، سید عاصم منیر نے پولیس اکیڈمی کے افسران سے بھی ملاقات کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلاق چودھری بھی موجود تھے۔
نیشنل پولیس اکیڈمی پہنچنے پر کمانڈنٹ کی جانب سے فیلڈ مارشل کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا اور پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
انہوں نے پولیس مارٹرز مونو منٹ پر پھول چڑھائے اور شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی، ان پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جو امن قائم رکھنے، قانون کی بالادستی یقینی بنانے اور عوام کی حفاظت میں اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں، فیلڈ مارشل نے دہشتگردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے دوران پولیس کی قربانیوں کو سراہا۔

