کراچی گل پلازہ کی آگ 33 گھنٹے گزرنے کے بعد مکمل طور پر بجھا دی گئی، جلی ہوئی عمارت سے مزید 4 افراد کی لاشیں نکالی گئیں، آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی، جبکہ 22 زخمی زیر علاج ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضا ملے ہیں جبکہ پانچ لاشیں شناخت کے قابل نہیں۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق پلازہ میں کولنگ کا عمل جاری ہے، کٹر کی مدد سے کھڑکیوں کو کاٹا جارہا ہے، ہتھوڑوں کی مدد سے دیوار کو بھی گرایا جارہا ہے۔
کراچی: گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا، اہل خانہ پریشان
چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت انتہائی مخدوش ہے، زیادہ دیر اندر رہنا خطرے سے خالی نہیں۔ کچھ محفوط مقامات پر ریسکیو کا کام کرکے فوراً باہر آجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پلازہ کی تیسری منزل پر پھنسے کسی شخص کی موجودگی کے امکان پر ریسکیو آپریشن میں اتوار کی رات فائر فائٹرز عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے جلی ہوئی دکانوں میں محدود سرچ آپریشن کیا جس میں ریسکیو ورکرز نے صدائیں لگا لگا کر زندگی کی تلاش کی کوششیں کی اور جائے حادثہ پر تھرمل کیمرے لگادیے گئے، ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضا ملے ہیں، انسانی اعضا سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ سے لاپتہ افراد کے موبائل نمبر حاصل کرلیے ہیں، 26 افراد کے فونز کی آخری لوکیشن گل پلازہ کی آئی ہے۔

