وفاقی و صوبائی وزراء سمیت 159 ارکان کی رکنیت معطل، حافظ نعیم کا نام بھی شامل

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کروانے پر 159 ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی۔

قومی اسمبلی کے 32، پنجاب اسمبلی کے 50، سندھ اسمبلی کے 33، کے پی اسمبلی کے 28، بلوچستان اسمبلی کے 7 اور سینیٹ کے 9 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی۔رکنیت معطل ہونے والے اراکین میں وفاقی وزیر مصدق ملک، خالد مقبول صدیقی، ارشد وہرا، سردار اختر مینگل، سید عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، سائرہ افضل تارڑ اور مہرین رزاق بھٹو سمیت دیگر شامل ہیں۔

سندھ اسمبلی سے اسپیکر اویس قادر شاہ، قائم علی شاہ اور آغا شہباز درانی کی رکنیت بھی معطل کی گئی جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔ سعید غنی کی رکنیت بھی معطل کی گئی۔

سینیٹ سے فوزیہ ارشد، عابد شیر علی، مراد سعید اور نور الحق قادری کی رکنیت بھی معطل کی گئی۔

معطل ارکان رکنیت بحال ہونے تک پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کی کسی کارروائی کا حصہ نہیں بن سکتے۔