کراچی:شہرقائد میں ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کے ایم سی حکام کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واٹرکارپوریشن کے اعلیٰ حکام کو متبادل نظام تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں موجود تمام ساتوں ہائیڈرنٹس کوبتدریج ختم کرکے لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کریں اور شہریوں کو پانی ان کی دہلیز پر لائنوں کے ذریعے فراہم کرنے کا بندوبست کریں۔
میئر کراچی کا کہنا تھاکہ واٹر ہائیڈرنٹس سے ماہانہ 30 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے، واٹر ہائیڈرنٹس کا کانٹریکٹ گزشتہ سال ختم ہوچکا ہے، نئے کانٹریکٹس جاری نہیں کریں گے بلکہ شہریوں کی ٹینکرز سے جان چھڑائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کی کمی کو متبادل دنوں میں ہرعلاقے کوپانی فراہم کرکے پورا کیا جائے گا، ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کرنا مستقل حل نہیں، اس سے شہریوں کو مشکلات ہیں۔
دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بڑے پیمانے پر مالی اصلاحات لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے ایف اے بی ایس ڈائریکٹوریٹ، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کے وفد نے ملاقات کی جس میں مالی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
میئر کراچی نے پنشن سسٹم کو جلد از جلد ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کی جبکہ پنشن سسٹم کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پیمنٹ سسٹم کو بھی (SAP) سسٹم سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کے مالی و انتظامی معاملات میں مزید بہتری لانا ترجیح ہے، چالان، جرمانے اور کرایوں کی وصولی کو بھی ڈیجیٹل کیا جائے گا، وفد کی جانب سے ٹریٹمنٹ پلان اور دیگر انویسٹمنٹ منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر میئر کراچی کی جانب سے جلد از جلد جامع پلان تیار کر کے کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

