کراچی:وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا ہے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کراچی کے نائب صدر فہیم خان کی رہائش گاہ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی دھرتی پر صحافیوں نے اچھے سوالات کیے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ تحریک انصاف نے بہت اچھے تنظیمی پروگرام ترتیب دیے تھے۔ انہوں نے سندھ کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے کھلے دل کے ساتھ خوش آمدید کیا ہے۔
دریں اثناء کراچی میں ہائیکورٹ بار سے خطاب میںوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہناتھا کہ سندھ حکومت نے مہمانوں کے ساتھ بہت برا کیا، صوبائی حکومت نے سندھی ٹوپی،اجرک کی بے حرمتی کی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمارابہترین استقبال کیا، سندھ کے عوام کا دل بہت بڑا اور مہمان نواز ہے، سندھیوں نے کراچی میں سارے پاکستانیوں کو جگہ دی ہوئی ہے۔ سندھ حکومت کا رویہ قابل مذمت ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وکلانے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہدکی ہے، میں وکلا کے ساتھ شانہ بشامہ کھڑاہوں، انصاف برائے فروخت نہیں ہوناچاہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میرا سرکاری پاسپورٹ بلاک کیا گیا ہے۔
آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ سے اداروں کا نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز حکم دے رہے ہیں آپ اپنے قائد سے مل سکتے ہیں، اس حکم کو جیل سپرنٹنڈنٹ نے رد کردیا، یہ بے توقیری میری نہیں ہے۔
سہیل آفریدی کا کہناتھا کہ جب تک وکلاء کھڑے نہیں ہوں گے، عدلیہ آزاد نہیں ہوگی، جتنی بھی تحریک چلی سندھ ہائی کورٹ بار کھڑا رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بری حالت میں ہے، نوجوان ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، 45 فیصد سے زیادہ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 7.1 فیصد سے زیادہ بے روزگاری کی شرح بڑھ چکی ہے، انہیں صرف حکومت بچانی ہے عوام کی ان کو فکر نہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ سندھیوں کا دل بہت بڑا ہے، مہمانوں کو ہمیشہ عزت دیتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم آئین و قانون کی بات کرتے ہیں، آئین ہمیں آزادانہ نقل وحرکت اور اظہار رائے کی اجازت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کو تار تار کر دیا گیا، ہمیں آئین کو بحال کرنا ہے، عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، کراچی کی گلیوں میں آزادی کی لگن کا عزم ہے۔سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ مصلحت پسند خاموش لوگوں سے پوچھتا ہوں آئین و عدلیہ پر حملے پر خاموش کیوں ہو، سیاسی وابستگی کچھ بھی ہو آئین وقانون کی بحالی کے لیے ہمارے ساتھ چلیں۔

