کراچی/لاہور/پشاور/اسلام آباد:کراچی سرد موسم کی لپیٹ میں ہے جہاں پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں رات سب سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
دوسری جانب پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں گہری دھند کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ون، صوابی سے پشاور، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بلکسر، ایم 3 فیض پور سے سمندری اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند کردی گئی۔اس کے علاوہ ایم 5 شیرشاہ سے سکھر اور ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک بند ہے۔

