جنگ کا مقصد اسرائیلی اثر ورسوخ پاکستانی سرحد تک لانا ہے،وزیردفاع

اسلام آباد:وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا پر جنگیں مسلط کرنے کے پیچھے صہیونی سوچ کار فرما ہے۔ ایران کی معاہدے پر آمادگی کے باوجود جنگ مسلط کردی گئی۔ دشمن چاہتے ہیں کہ اسرائیل کا اثر پاکستان کی سرحد تک پہنچے۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس” پر بیان میں کہا ہے کہ صہیونیت پوری انسانی تہذیب کے لیے خطرہ ہے۔ اسرائیل کے قیام سے لے کر آج تک عالمِ اسلام پر آنے والی ہر تباہی اور جنگ میں یہی صہیونی ہاتھ شامل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی طاقتوں نے عالمی معاشی نظام پر کنٹرول قائم کیا ہوا ہے، بڑی طاقتیں اس کے ہاتھوں یرغمال ہیں۔ ہماری ایٹمی قوت اور مسلح افواج کی بدولت ہماری خودمختاری محفوظ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے معاہدے پر آمادگی کے باوجود ان پر جنگ مسلط کی گئی۔ اس جنگ کا مقصد اسرائیل کے اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحد تک لانا ہے۔

بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں کی جانب سے ملک کو چاروں طرف سے گھیرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہمارے پڑوس میں واقع چند ممالک کا واحد مشترکہ ایجنڈا پاکستان کے خلاف دشمنی پر مبنی ہے جس سے ہماری سرحدوں کو بھی خطرہ ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی عوام کو سیاسی اور مذہبی وابستگی سے بالاتر ہوکر دشمن کی اس سازش کو سمجھنا ہوگا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ صہیونیت نے ایک صدی سے دنیا کے معاشی نظام کو اپنے کنٹرول میں رکھا ہوا ہے۔ بڑی طاقتیں جوہری طاقت کے ہاتھوں یرغمال ہیں۔ اللہ کی مدد، ہماری مسلح افواج کی طاقت دنیا بھر میں معترف ہے کہ ہماری خودمختاری کی حفاظت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان تمام لوگوں پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے جنہوں نے ہمیں ایٹمی طاقت بنانے میں کردار ادا کیا جس نے ایٹمی تجربات کیے اور دنیا کو یہ باور کرایا کہ ہم ایک ایٹمی طاقت ہیں۔