اسلام آباد:جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں امت مسلمہ آپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہوکر صہیونیت کا مقابلہ کرے۔
یہ بات انہوں نے ایرانی سفیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے، مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ ہیں، امت مسلمہ باہم دست وگریباں ہونے کی بجائے صیہونیت کا مقابلہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونیت اور یورپ گٹھ جوڑ نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا،اب بھی وہاں کے لوگ شدید تناؤ اور لمبی جنگ سے گزر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حماس کی مضبوط حمایت پر ایران کے خلاف جنگ کی دوسری قسط شروع کی گئی، بیہودہ قسم کے الزامات لگا کر ان حملوں کا جواز پیش کیا جارہا ہے۔
ایران اس وقت صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کررہا ہے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ عالم اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے،امریکا انسانیت کا دشمن ہے، انسانی قاتل اور مجرم کی سربراہی میں قیام امن کی کوششیں امن کے نام پر دھبہ ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کی ٹرمپ جیسے قاتل سے امن کی امید سوالیہ نشان ہے۔اس موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاک ایران تعلقات پر مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کے کردار کو سراہتے ہیں، فضل الرحمان کی آمد سے اطمینان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ آزمائش کا وقت ضرور ہے مگر فتح عالم اسلام کی ہوگی۔قبل ازیں مولانا فضل الرحمن نے ایرانی سفارتخانے میں سفیر سے ملاقات کی اور سپریم لیڈر خامنہ ای سمیت دیگرکی اموات پر اظہار تعزیت کیا۔

