وزیر اعلیٰ سندھ نے ریلوے منصوبوں کیلئے 6.6 ارب دینے کی منظوری دیدی

کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ریلوے منصوبوں کے لیے 6.6 ارب دینے کی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ سندھ کے عوام کے لیے ریلوے کے جدید منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ سندھ کی 67 فیصد آبادی ریلوے کے نئے منصوبے سے مستفید ہوگی۔

سندھ حکومت 6 جدید ٹرین خریدنے پر غور کر رہی ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ روہڑی اسٹیشن پر عالمی معیار کی تزئین و آرائش کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے، وزارت ریلوے 6 جدید ٹرینوں کی سندھ حکومت کو تمام تفصیلات دے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت کا یہ اشتراک پاکستان ریلوے کی تاریخ کا نیا باب ہوگا، سندھ کو ریلوے کا ایسا نظام دیں گے جو ماحول دوست ہوگا اور معاشی ترقی بھی ہوگی، سندھ حکومت کو ہر ممکن تکنیکی تعاون اور ‘رائٹ آف وے’ فراہم کریں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مقصد سندھ کے دور دراز علاقوں کو جدید اور سستی سفری سہولیات سے جوڑنا ہے،ریلوے کا منصوبہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرے گا، ریلوے کے اس 858 کلومیٹر طویل نیٹ ورک کی بحالی کے لیے فنڈنگ پر غور کریں گے۔ پی پی حکومت انسانی جانوں کے تحفظ اور آرام دہ سفر کو اولین ترجیح سمجھتی ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ریلوے منصوبے میں شراکت داری کرنے پر سندھ حکومت اور وفاق میں اتفاق ہوا ہے، سندھ میں 858 کلومیٹر طویل ریلوے نیٹ ورک کو جدید بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بغیر پھاٹک والے 100 ریلوے کراسنگ محفوظ بنانے کے لیے 6 ارب روپے رکھنے کی تجویز پر اتفاق ہوا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کوٹری سے دادو، دادو سے لاڑکانہ، حیدرآبادسے میرپور خاص، روہڑی سے جیکب آباد اور حیدرآبادسے بدین سمیت 6 اہم روٹس کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔