اسلا م آباد:تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارا ملک ہماری وجہ سے ناکامیوں کی طرف جارہا ہے، ہم کسی کو فتح کرنے یا پتھر مارنے نہیں نکلے بلکہ ہمارا مقصد آئین کی حفاظت کرنا اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ28 فروری کو ملک گیر احتجاج ،8 فروری کو شٹر ڈائو ن ہڑتال ہوگی جس میں بسیں، ٹرک اور دیگر ٹرانسپورٹ بند رہیں گی اور عوام پاکستان کی سڑکوں پر اپنی طاقت دکھائیں گے ۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے جمعرات کو اپنی اسٹریٹ موبلائزیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
مہم کی قیادت تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی کر رہے ہیں اور قافلہ اسلام آباد سے لاہورپہنچ گیا،یہ تین روزہ دورہ عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد آئینی اقدار کے تحفظ اور عوامی حمایت حاصل کرنا ہے۔
محمود خان اچکزئی نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے آ ئو ہمارے ساتھ چلو۔انہوں نے کہا کہ ہمسایوں سے تعلقات بگڑ رہے ہیں، حکومت خود جانتی ہے وہ ہار چکی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم پنجاب میں تین دن رہیں گے اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، ہم پرامن اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی پنجاب اسمبلی کا دورہ بھی کریں گے اور کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنمائوں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔

