کراچی/کوئٹہ/اسلام آباد:ملک میں شدید سردی کی لہر کم نہ ہوسکی ، کراچی میں بھی پارہ سنگل ڈیجیٹ میں آگیا ۔
کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا،شہر میں سرد ہوائیں چلنے سے بھی موسم مزید ٹھنڈا محسوس کیا جانے لگا ،شہر میں آئندہ کچھ روز سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرق سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔
شہر قائد کا فضائی معیار آج بھی مضر صحت ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی شامل نہیں لیکن پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کا نواں نمبر ہے۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں سے لے کر میدانی علاقوں تک شدید سردی ہے، ہنزہ میں پارہ منفی21 تک گر گیا۔ استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 19، چلاس میں منفی11 ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب، بالائی سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

