اسلام آباد:ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کا دہشت گردی پر من گھڑت بیانیہ اورپاکستان کے خلاف جارحیت حقائق کو نہیں چھپاسکتی، بھارت خطے میں امن کا مسلسل خلل ڈالنے والا کردار ادا کرتا رہا ہے، دوسروں کو نصیحت کرنے کے بجائے اسے اپنے طرزِ عمل پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے بیرون ملک ماورائے عدالت قتل کیے، ہمسایوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی،کلبھوشن جیسے آپریٹوز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی گئی، بھارت نے مطلوب مجرموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کیں۔ بھارت میں اقلیتوں کو بڑھتی ہوئی ہراسانی اور جبر کا سامنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط اور کثیرالجہتی نوعیت کا ہے، سعودی عرب سے کسی مخصوص دفاعی پلیٹ فارم یا قرض پر کسی حتمی معاہدے کی اطلاع نہیں ہے، کسی بھی ممکنہ دفاعی معاہدے کی تصدیق باضابطہ تکمیل کے بعد کی جائیگی، پاک سعودی دفاعی تعاون جاری ہے جودوطرفہ فریم ورک کے تحت آگے بڑھ رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجی بھیجنے کے کسی فیصلے کی معلومات نہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد دفاعی منصوبے زیرغور ہیں، فوجیوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا، دفاعی تعاون باہمی معاہدوں اور طے شدہ طریقہ کار کے تحت جاری رہتا ہے۔
صومالی لینڈ کے حوالے سے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے اور پاکستان نے مختلف بین الاقوامی فورمز پر صومالی لینڈ کی غیر قانونی ریاست کی مخالفت کی ہے۔طاہرحسین اندرابی نے کہا کہ رواں ہفتے جموں وکشمیر کے حوالے سے یوم حق خود ارادیت منایا گیا، یوم حق خودارادیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر قراردادوں کی یاددہانی ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ جموں وکشمیرمیں ہزاروں انسانی حقوق اورسیاسی رہنما جیلوں میں قید ہیں، بھارت5اگست2019ء کے بعد کشمیر کی آبادی کاتناسب بدلنے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالیہ بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں، افغان قیادت کے بیانات کے ساتھ قابل تصدیق،ٹھوس اورعملی ضمانتوں کے منتظر ہیں، افغان سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے پر زور دیتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان چین کی قومی وحدت کے حصول کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے، اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاکستان نے چین کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کیا، چین نے مسئلہ کشمیر کوایک حل طلب تاریخی مسئلہ قراردیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاکستان اورچین میں سی پیک 2کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں ہم آہنگی بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ شواہد سے ظاہر ہوا مئی تنازع میں جنگ بندی کیلئے بھارت نے تیسرے ملک سے مداخلت کروائی۔

