گندم کا اجرا،کراچی میں آٹے کے بحران کا خدشہ ٹل گیا

کراچی: گندم کے اجرا کی منظوری کے بعد شہر قائد میں آٹے کے بحران کا خدشہ ٹل گیا۔

کراچی کو 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم الاٹ کیا گیا ۔محکمہ خوراک سندھ نے جنوری 2026 کے لیے گندم کے اجرا کی منظوری دے دی ، جنوری 2026 کے دوران مجموعی طور پر 4 لاکھ 27 ہزار میٹرک ٹن گندم کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ کے لیے گندم کوٹا جاری کردیا گیا ، کراچی کو 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم الاٹ کیا گیا ۔کراچی کی آٹا چکیوں کو 20 ہزار ٹن گندم ریلیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سندھ میں چھوٹی آٹا چکیوں کو 51 ہزار ٹن گندم سرکاری نرخ پر جاری کی جائے گی۔

فلار ملز اور چکیوں کو سرکاری گندم 8 ہزار روپے فی ٹن جاری کی جائے گی۔چیئرمین فلار ملز ایسوسی ایشن جنید عزیز نے کہا کہ سرکاری گندم کے آٹے کے نرخ بھی محکمہ خوراک کی مشاورت سے رواں ہفتے طے کیے جائیں گے، ابھی ایکس فلار ملز ڈھائی نمبر آٹا 113 روپے فی کلو اور فائن آٹا 118 روپے فی کلو ہے فروخت ہو رہا ہے۔