ذخائرمیں اضافہ،10لاکھ نئے ٹیکس دہندگان سسٹم میں داخل ہوگئے،وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوسال قبل جو معیشت ورثے میں ملی وہ شدید چیلنجز کا شکار تھی، معاشی طور پر ہم مشکلات میں گھرے ہوئے تھے مگر اب حکومت کے مشکل فیصلوں کے نتائج خود بول رہے ہیں۔

اقتصادی گورننس اصلاحات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو متعدد چیلنجز کا سامنا تھا، معاشی اصلاحات لانا کوئی آسان کام نہیں تھا، معاشی طور پر ہم مشکلات میں گھرے ہوئے تھے اور افراط زر کی شرح 30 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب سے بڑھ کر 12 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں، 2025 ء میں ٹیکس وصولوں میں 26 فیصد اضافہ ہوا، ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 8 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسال میں حکومت نے بہترین معاشی ترقی کی 10 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان سسٹم میں داخل ہوئے، پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی کامیاب نجکاری ہوئی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ چیلنجز کے باوجود ہم نے ملک کو درست سمت میں ڈال دیا، معاشی بہتری کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن صرف اصلاحاتی پروگرام کے آغاز کا نہیں غوروفکر اور عزم کی تجدید کا دن ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معاشی بہتری اور اصلاحات کو سراہا۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے سال 2026ء کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ نیا سال خوشیوں، خوشحالی اور اللہ کے فضل و کرم کے ساتھ طلوع ہو۔ انہوں نے کہا کہ خدا کرے کہ نئے سال کا ہر دن ملکی سالمیت، قومی ہم آہنگی، معاشی آسودگی اور سماجی خوشحالی لے کر آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سال 2025ء دفاع وطن کے اعتبار سے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گاجب مسلح افواج اور قوم نے شانہ بشانہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور معرکہ حق میں تاریخ رقم کی۔

انہوں نے خاص طور پر پاک فضائیہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے فضائی حدود کا ناقابل تسخیر دفاع کیاجو دنیا کے لیے مثالی اور نصابی سبق آموز واقعہ تھا۔ انہوں نے دہشت گردی کے حملوں میں جان کی قربانی دینے والے شہداء ب کو بھی خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور حالیہ معاشی اشارے حکومت کی درست سمت کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ گذشتہ برس شروع کی گئی معاشی اصلاحات اور اقدامات کو نئے عزم کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کی خوشحالی کے لیے مؤثر عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

نئے سال کے موقع پر وزیراعظم نے دنیا بھر میں انسانیت، امن، تحفظ، رواداری، باہمی آہنگی اور بقائے باہمی جیسے سنہری معاشرتی اقدار کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنی پرخلوص کاوشیں جاری رکھے گا ۔