لاہور:لاہور ہائیکورٹ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی موثر قیادت، جدید کیس مینجمنٹ اصلاحات اور اعلی عدالتی کارکردگی کے باعث2025ء کے دوران لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔
ایک سال میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 73ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے گئے جو اسی عرصے میں دائر ہونے والے نئے مقدمات سے 16 فیصد زیادہ ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سال 2025میں لاہور ہائیکورٹ میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 45ہزار 748نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ اسی مدت کے دوران ایک لاکھ 73ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔
لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر 92ہزار 505مقدمات، ملتان بنچ پر 44ہزار 145، بہاولپور بینچ پر 18ہزار 415اور راولپنڈی بینچ پر 17ہزار 948مقدمات کے فیصلے ہوئے۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شاندار عدالتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام میں شفافیت اور بروقت انصاف کی فراہمی لاہور ہائیکورٹ کی اولین ترجیح ہے، آٹومیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے مقدمات کے فیصلوں کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
چیف جسٹس کی خصوصی ہدایات پر سول اور فوجداری مقدمات کے ساتھ ساتھ ٹیکس مقدمات کے لیے بھی فاسٹ ٹریک پالیسی اپنائی گئی، ٹیکس مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی ڈویژن بینچز تشکیل دیے گئے جبکہ کیس آڈٹ اور یکساں نوعیت کے مقدمات کو یکجا کرکے سماعت کے لیے مقرر کرنے جیسی اصلاحات متعارف کروائی گئیں۔

