باجوڑ،فورسز کاآپریشن،5خوارج ہلاک،میجر شہید

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خفیہ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ5دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ5دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید میجر عدیل زمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔

دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے باجوڑ کے علاقے میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدیل زمان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر عدیل زمان نے دلیری سے5بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، میجر عدیل زمان نے جان دے کر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید میجر عدیل نے اپنے خون سے شجاعت اور جرات کی تاریخ لکھی، شہید میجر عدیل جیسے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کا قرض کو کبھی نہیں اتار سکتی، وزیرداخلہ نے شہید میجر عدیل کے خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔