اٹلی کا پاکستان کیلئے نوکریوں میں ساڑھے10ہزارکا کوٹہ مختص

اسلام آباد:وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستانی محنت کشوں کیلئے یورپ کے دروازے کھل گئے، اٹلی نے پاکستان کیلئے نوکریوں میں مجموعی طور پر 10ہزار 500کا کوٹہ مختص کر دیا۔

ترجمان وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کے مطابق اٹلی کی جانب سے پاکستان کو آئندہ 3سال کیلئے نوکریوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے، جس کے تحت اگلے 3برس میں ہر سال 3500پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل کوٹہ پر اٹلی روزگار کیلئے جائیں گے۔

اس میں ہر سال 1500سیزنل اور 2000نان سیزنل ورکرز شامل ہوں گے۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین کی خصوصی درخواست پر اٹلی نے پاکستان کیلئے یہ کوٹہ مختص کیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپٹیلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں نوکریوں کا کوٹہ دیا گیا ہے، جہاں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند ورکرز خدمات انجام دیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ اٹلی میں پاکستانی ورکرز کے لیے ویلڈرز، ٹیکنیشن، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے نوکریوں میں باقاعدہ کوٹہ الاٹ کیا ہے، جسے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے مابین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026ء میں اسلام آباد میں ہوگا۔ انہوں نے اٹلی کی جانب سے کوٹہ مختص کرنے کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ طویل محنت کے بعد پاکستانی ورک فورس کیلئے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں۔

چودھری سالک حسین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے لیے یورپین لیبر مارکیٹ میں نئے مواقع کی تلاش میں ایک اہم سنگ میل ہے۔