کراچی: چین کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت فراہم کی گئی امدادی سامان کی تیسری کھیپ بحری جہاز کے ذریعے کراچی پہنچ گئی ۔
کھیپ میں 100 کشتیاں، 5ہزار خیمے اور 8ہزار کمبل شامل ہیں۔ امدادی سامان کو فوری طور پر ٹرکوں کے ذریعے این ڈی ایم اے کے کراچی ویئرہاؤس پہنچا دیا گیا۔این ڈی ایم اے کے مطابق، چین کی جانب سے اس سے قبل بھی دو امدادی کھیپ موصول ہو چکی ہیں۔
چین سے موصول ہونے والی تینوں کھیپوں میں مجموعی طور پر 33 ہزار کمبل، 6 ہزار خیمے، 100 کشتیاں، 1000 لائف جیکٹ اور 4 ہزار سلیپنگ بیگز شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے تمام دستیاب وسائل کو متاثرہ افراد تک بروقت پہنچانے کے لیے استعمال کر رہا ہے اور متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

