ٹرمپ نے چینی قیادت کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، تعلقات مضبوط بنانے پر زور

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں تجارتی مذاکرات کے پہلے روز ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو دنیا کا سب سے اہم اور فیصلہ کن رشتہ قرار دیتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیجنگ کے عظیم الشان گریٹ ہال آف دی پیپل میں سرکاری عشائیے کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوستانہ ماحول میں خطاب کیا، جبکہ شی جن پنگ نے خبردار کیا کہ اگر چین اور امریکا اپنے تعلقات کو درست انداز میں نہ سنبھال سکے تو دنیا ایک انتہائی خطرناک صورتِ حال سے دوچار ہو سکتی ہے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ ہمیں اس تعلق کو کامیاب بنانا ہے اور کبھی خراب نہیں ہونے دینا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ کو دوست قرار دیتے ہوئے ان کی قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں کا مستقبل شاندار ہو گا، میرے دل میں چین اور آپ کی قیادت کا بے حد احترام ہے۔ ٹرمپ نے شی جن پنگ اور خاتونِ اول پینگ لی یوان کو 24 ستمبر کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی۔
دوسری جانب شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا ایک نئے موڑ پر کھڑی ہے اور دونوں طاقت ور ممالک کے رہنماؤں پر تاریخ کی بڑی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔