معاشی اشاریے بہتر،ملک بحران سے نکل چکا،وزیراعظم

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اطمینان ہے کہ پاکستان معاشی طور پر بحران سے نکل چکا ہے معاشی اشاریے بہتر ہو چکے ہیں۔

لاہور میںنیشنل ریگولیٹری ریفارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اصلاحات کا مطالبہ عوام اور کاروباری طبقے کی گزشتہ کئی دہائیوں سے خواہش تھی۔سرمایہ کار،صنعتکار،تاجر برادری پیچیدہ قوانین، غیر ضروری ضوابط اور طویل طریقہ کار سے پریشان تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو پاکستان کی معیشت نازک صورتحال سے دوچار تھی، ملک عملی طور پر مالی دیوالیہ پن کے دہانے پر کھڑا تھا، مہنگائی بے قابو تھی، پالیسی ریٹ معیشت کو مفلوج کر چکا تھا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار تھیں۔

ہماری حکومت نے اْمید کا دامن نہیں چھوڑا اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ چیلنجز کا مقابلہ کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دی ہے،معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کو فنی اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کر رہے ہیں۔اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کو تیزی سے عملی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا اس پروگرام کو تیز رفتاری سے عملی شکل دی جائے تاکہ عوام حقیقی تبدیلی محسوس کر سکیں۔ان کا کہنا تھا پشاور سے کراچی تک ایسی تبدیلی جو صرف باتوں تک محدود نہ ہو بلکہ عملی اقدامات کی صورت میں سامنے آئے۔