خواجہ آصف کا علیمہ خان کے غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو پر سخت ردعمل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علیمہ خان جس جنگ کی بات کر رہی ہیں، اگر بھارت نے ہم پر دوبارہ مسلط کی تو بھارت کے ساتھ یہ بھی بین کریں گے، پاکستان کی سیاسی جنگ پاکستان میں لڑیں، دشمن کی گود میں بیٹھ کر وطن دشمنی نہ کریں، ظرف کا مظاہرہ کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے غیر ملکی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقتدار کے لئے ڈیسپریٹ لوگ ہیں، سلائی مشین بند ہے، اس لئے دکھی ہیں اور بھارتی میڈیا کی پناہ لے رہی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جنگ پاکستان میں لڑیں، دشمن کی گود میں بیٹھ کے وطن دشمنی نہ کریں اور سیاسی رہنما ظرف کا مظاہرہ کریں۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جس جنگ کی یہ محترمہ بات کر رہی ہیں، اگر بھارت نے ہم پر دوبارہ مسلط کی تو بھارت کے ساتھ یہ بھی بین کریں گے، 6 ماہ قبل اسی عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو پھینٹی لگا ئی۔

سات جہازوں کی بات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 61دفعہ کہہ کر مودی کی آتما رول دی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان سے محبت ریڈیکل اسلامسٹ ہے یا دین کی سر بلندی کے لئے سر بکف ہونا ریڈیکل اسلامسٹ ہے، تو یہ لیبل 25کروڑ پاکستانی کے ماتھے پر سجا ہے۔