شرم الشیخ:وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ بین الاقوامی امن کانفرنس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں غزہ میں جنگ بندی کے بعد کی صورت حال، علاقائی استحکام اور انسانی امداد جیسے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ بین الاقوامی امن کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم شہبار شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصافحہ کیا۔صدر ٹرمپ نے وزیراعظم سے خصوصی طور پر کافی دیر تک بات کی جب کہ شہباز شریف نے امریکی صدر کو تھپکی بھی دی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر رہنماؤں سے 20 سے 25 سیکنڈز ملاقات کی جب کہ وزیراعظم شہباز شریف سے صدر ٹرمپ نے 51 سیکنڈز تک بات کی۔
اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، آرمینیا کے وزیراعظم نیکول پاشینیان، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو، جرمن چانسلر فریڈرش مرز، اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز، اور اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سے بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقاتوں میں خطے میں امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کی سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔شہباز شریف کی شرم الشیخ میں فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات ہوئی، بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی ملاقات و گفتگو میں شریک تھے۔
صدر محمود عباس نے فلسطینیوں کی سیاسی و سفارتی مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مثالی ہیں۔وزیراعظم نے اہل غزہ کو ہمت و بہادری سے صعوبتیں برداشت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیااور اسے خطے میں امن و فلسطینیوں کی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ” ایکس” پر اپنی پوسٹ میںوزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ غزہ امن منصوبہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب اہم قدم ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی توجہ اور جستجو کی بدولت ہی غزہ میں جاری قتل و غارت کو روکنا ممکن ہوا۔
آج کی تقریب نسل کشی کے باب کے خاتمے کی نشان دہی کرتی ہے، عالمی برادری کو یقینی بنانا چاہئے ایسا باب کہیں بھی دوبارہ کبھی نہ کھلے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ شرم الشیخ میں تاریخی غزہ امن منصوبے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچا ہوں جو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب ایک اہم قدم ہے،مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو اس امن سربراہی اجلاس کے شریک میزبان ہیں کا مشکور ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شاندار قیادت اور غیر متزلزل عزم کے بغیر ہم یہ تاریخی لمحہ نہ دیکھ پاتے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہادر اور ثابت قدم فلسطینی عوام 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطین میں رہنے کا پورا حق رکھتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔