مصر،اردوان کے اعتراض پر نیتن یاہو کی اجلاس میں شرکت منسوخ کر دی گئی

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی شرم الشیخ میں غزہ جنگ بندی معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت کی خبروں پر ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے مصر میں لینڈ کرنے سے انکار کر دیا۔ترک نشریاتی ادارے سی این این ترک کی صحافی کے مطابق ترک صدر کا طیارہ شرم الشیخ ائیرپورٹ پر اترنے ہی والا تھا کہ اچانک طیارہ دوبارہ فضا میں بلند ہونے لگا۔

صحافی نے بتایا کہ ترکیے نے واضح پیغام دیا تھا کہ اگر نیتن یاہو اجلاس میں شریک ہوئے تو ترک وفد اجلاس میں شامل نہیں ہوگا۔صحافی کے بقول اگر نیتن یاہو وہاں موجود ہوتے تو ترک وفد کا اْن کے ساتھ ایک ہی فریم میں ہونا ممکن نہیں تھا، ترکیے نے اس پر کھل کر اپنا ردعمل دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس سفارتی تنازع کے دوران صدر اردوان کا طیارہ بحیرہ احمر کے اوپر فضا میں چکر لگاتا رہا۔

طیارے کی لینڈنگ صرف اسی وقت ممکن ہوئی جب اجلاس میں نیتن یاہو کی شرکت منسوخ کر دی گئی۔ نیتن یاہو کے دفتر نے بعد میں یہ کہہ کر شرکت سے انکار کیا کہ سربراہی اجلاس کا وقت یہودی تہوار کے قریب ہے۔اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ کے اسرائیل پہنچنے کے بعد مصری صدر عبد الفتاح السیسی نے اسرائیلی وزیر اعظم سے ٹیلی فونک گفتگو کی تھی جس میں انہوں نے نیتن یاہو کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی جو نیتن یاہو نے قبول کرلی تھی۔بعد ازاں اسرائیلی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ نیتن یاہو شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کررہے۔