بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو اپ گریڈ کر کے اسے سفارتخانے میں تبدیل کرے گا۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے یہ بات اپنے افغان ہم منصب امیر خان متقی کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کے دوران کہی، جو ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں۔رپورٹ کے مطابق جے شنکر نے کہا کہ بھارت، اب کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو سفارتخانے کی سطح پر اپ گریڈ کرے گا۔
جے شنکر نے کہاکہ آپ کا دورہ بھارت، افغانستان کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے میں ایک اہم پیش رفت ہے، افغانستان کے عوام کے خیر خواہ کی حیثیت سے بھارت آپ کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، آج میں اس دیرینہ شراکت داری کی توثیق کرتا ہوں جو افغانستان میں متعدد بھارتی منصوبوں کی مدد سے مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ جے شنکر نے ملاقات کے دوران کہا کہ”بھارت افغانستان کی خودمختاری، سالمیت اور آزادی کا مکمل احترام کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون علاقائی استحکام اور ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق بھارتی تکنیکی مشن کو اب مکمل سفارتخانے کی حیثیت دی جا رہی ہے۔ا س موقع پر افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ”افغانستان بھارت کو قریبی دوست سمجھتا ہے” اور حالیہ زلزلے کے بعد بھارت سب سے پہلے امداد فراہم کرنے والا ملک تھا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان بھارت کے ساتھ تعلقات کو باہمی احترام، تجارت اور عوامی روابط کی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہتا ہے۔