امریکی خلائی ادارے نے خلا کی گہرائیوں میں موجود ایک ستاروں کی نرسری(جہاں ستارے وجود میں آتے ہیں) دریافت کرتے ہوئے اس کی انتہائی خوبصورت تصویر جاری کر دی۔اس تصویر میں لوپس 3نامی ستارہ ساز بادل کو دکھایا گیا ہے جو زمین سے سینکڑوں نوری سال کے فاصلے پر موجود ہے۔
نرسری کی یہ تصویر ناسا کی ہبل ٹیلی اسکوپ نے اتاری ہے جس میں نئے ستاروں کے ابتدائی لمحات کو دیکھا جا سکتا ہے۔ناسا سے تعلق رکھنے والی ایک سائنس دان مونیکا لابیا کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہبل ٹیلی اسکوپ کی یہ تصویر ڈرؤانی لگتی ہے لیکن حقیقت میں نئی زندگی سے بھری ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لوپس 3ایک ستارہ ساز بادل ہے جو زمین سے 500نوری سال کے فاصلے پر اسکارپیئس نامی جھرمٹ میں ہے۔تصویر میں روشن ٹی ٹاری ستاروں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو انتہائی کم عمر ستارے ہیں۔

