راولپنڈی: جی ایچ کیو حملہ کیس میں ویڈیو لنک ٹرائل کے خلاف درخواست پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے بڑا ریلیف نہ مل سکا۔
جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس وحید خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا اور فیصل ملک عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے خلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد کر دی جبکہ پٹیشن سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کر دیا۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ویڈیو لنک ایک بندے کو ٹارگٹ کرنے کیلئے کیا گیا جس پر عدالت نے کہا کہ جواب آنے دیں پھر دیکھتے ہیں، کیس کا ٹرائل روکنا ممکن نہیں ویڈیو لنک کا قانون موجود ہے، عدالت نے چیف سیکرٹری سے 6 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا۔