سجاول میں زہریلا کھانا کھانے سے 2 نوجوان جاں بحق،25 افراد کی حالت غیر

سجاول:سجاول میں مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے 25 افراد کی حالت غیر جبکہ 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

سجاول کے میرپور بٹھورو کے گاؤں میں زمینوں پرکیڑے مار ادویہ کا سپرے کیا گیا تھا، سپرے کے دوران کسانوں نے مچھلی پکا کر کھائی جس کے بعد ڈائریا پھیل گیا۔

متاثرہ افراد کو ریسکیو 1122 کے ذریعے ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے، جاں بحق نوجوانوں میں 18 سالہ مجیب الرحمان اور20 سالہ غلام حسین شامل ہیں۔

قبل ازیں ڈسکہ کے ایک گاؤں میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے 2 بہنیں جاں بحق ہوگئی تھیں، دونوں بچیوں کو طبیعت بگڑنے پر سول ہسپتال لایا گیا، جہاں وہ دم توڑ گئیں۔ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق بچیوں میں 8 سالہ فاطمہ، 4 سالہ مرحا شامل ہیں۔

اس سے قبل کامونکی کے ایمن آباد میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے 2 کمسن بہنیں دم توڑ گئیں جبکہ 4 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس اہلکار راشد نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نجی فوڈ پوائنٹ سے کھانا کھایا جس کے بعد راشد کی اہلیہ اور 4 بچوں سمیت حالت بگڑ گئی۔