کمالیہ/ٹوبہ ٹیک سنگھ:وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کو بجلی کے بل بھیجنا مناسب نہیں، بیرونی فنڈز سے پہلے ہم اپنے وسائل استعمال کر رہے ہیں،موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے تحت جو کرنا پڑا کریں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے کمالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں ریلیف آپریشن جیسی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، ہم افواج پاکستان کے بھی بے حد شکر گزار ہیں ۔ اللہ کرے پانی جلد اترے اور اگلی فصلیں کاشت ہو سکیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سڑکیں، پل، لوگوں کے مکان اور املاک تباہ ہوئی ہیں، ہم نے اس اسٹرکچر کو دوبارہ پہلے جیسا بنانا ہے ۔ ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستانی عوام کس مشکل سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کے نقصانات کے تخمینے کیلئے کمیٹی بنائی ہے، ہم حقائق پر مبنی بات کر رہے ہیں، اس وقت اہم چیز لوگوں کی امداد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، عالمی سطح پر فیول کی قیمت میں کمی آرہی ہے تو عالمی مہنگائی کا مسئلہ نہیں، اقدامات کر رہے ہیں کہ مصنوعی مہنگائی پیدا نہ ہو۔
دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اتوار کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے مل فتیانہ پل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقے اور ملک بھر میں متاثرین سیلاب کی مدد اور بحالی کیلئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کا جائزہ لیا۔