اسلام آباد/میانیانگ: صدرمملکت آصف علی زرداری نے چین کے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن کے ایئرکرافٹ کمپلیکس کا تاریخی دورہ کیا۔صدرِ مملکت نے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت میں چین کے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن کے ایئر کرافٹ کمپلیکس کا دورہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق حالیہ معرکہ حق میں کلیدی کردار ادا کرنے والے طیارے جے 10 سی ایئر کرافٹ کمپلیکس میں تیار کیے جاتے ہیں، صدر آصف علی زرداری نے کمپلیکس کا دورہ بھارت سے جنگ بندی کے 128 ویں روز کیا ہے، وہاں انہوں نے سائنسدانوں اور انجینئرز سے ملاقات کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے دورے کے دوران صدر کو جے 10، جے ایف 17 اور جے 20 اسٹیلتھ فائٹرز، ڈرونز، خود کار یونٹس اور ملٹی ڈومین آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔صدر زرداری پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں جنہوں نے اس کمپلیکس کا دورہ کیا۔
دریں اثنائصدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے شہر چینگڈو سے میانیانگ تک ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کیا جو تقریباً آدھے گھنٹے میں مکمل ہوا۔سفر کے دوران صدر مملکت کو ٹرین کے نظام، سروسز، حفاظتی اقدامات اور ماحولیاتی فوائد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق حکام نے بتایا کہ چین کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک ہے جو 45 ہزار کلومیٹر سے زائد پٹریوں پر مشتمل ہے اور سالانہ دو ارب سے زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کرتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے چین کی پائیدار اور مضبوط ٹرانسپورٹ میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے پاک برقی نظام اور زلزلے کی قبل از وقت اطلاع دینے کی ٹیکنالوجی ریلوے انجینئرنگ کا شاہکار ہے۔