اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف کئے جارہے ہیں جن کی ادائیگی وفاقی حکومت کرے گی جو بل ادا کر چکے ہیں انہیں یہ رقم اگلے ماہ بجلی کے بل میں واپس کر دی جائے گی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ سیلاب کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں بہت تباہی ہوئی ہے ، انسانی جانی نقصان کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ آبادی کے مال مویشی ، روزگار اور گھروں کو بے پناہ نقصان پہنچاہے ، متاثرہ آبادیوں میں اشیائے خورو نوش اور صحت کی سہولیات کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت ، عوام اور فوج سب مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں زرعی،کمرشل اور صنعتی شعبے سے وابستہ بجلی صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جارہاہے ، لہذا ان کے اگست کے مہینے کی بجلی کے بل کی وصولی فی الفور موخر کی جارہی ہے ، اگر ان صارفین کے نقصانات کا تخمینہ زیادہ نکلا تو انہیں مزید ریلیف دینے کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ضروری ہدایت فوری جاری کر دی گئی ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جو تباہی ہوئی ہے اور جو نقصانات ہوئے ہیں، وہاں میرے بزرگ، مائیں بہنیں اور بیٹیاں کھلے آسمان کے نیچے جن مشکلات کا شکار ہیں ہم ان سے بخوبی واقف ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر آپ کے خادم پاکستان کی طرف سے یہ حقیر کوشش ہے جو یقینی طور پر سیلاب متاثرین کی مشکلات میں کمی کا باعث بنے گی ، میں ایک بار پھر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ کرتاہوں اور یقین دلاتا ہوں ہم سب اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک سیلاب سے متاثرہ ہر شخص کو اس کے گھر میں دوبارہ آباد نہ کر لیں، اللہ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے ۔