فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ پاکستان کی مثبت خارجہ پالیسی کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا ڈنکا بج رہا ہے’ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب دنیا کے فیصلے پاکستان کی ہاں اور ناں میں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت پورا ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے مگر سازشی عناصرسیلاب پر بھی اپنی سیاست چمکارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق ایم این اے میاں عبدالمنان کی سمدن ‘ ٹکٹ ہولڈر میاں عرفان منان کی خوشدامن اور میاں محمودالحسن کی رہائس گاہ پر انکی اہلیہ کی وفات پر تعزیت اور مرحومہ کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد مقامی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کے وژن کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ارض وطن صحیح سمت پر گامزن ہے’ وفاقی اور صوبائی حکومت نے فیصل آباد کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے بڑے منصوبے پلان کر لئے ہیں جن پر عنقریب کام شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر مکمل اعتماد رکھتی ہے’ انہیں معلوم ہو گیا ہے کہ کون ملک کا خیرخواہ اور کون نقصان پہنچانے والا ہے’ انشاء اللہ موجودہ حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی اور پاکستان سرسبزوشاداب ہوگا ۔