مختلف ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق ، 27 زخمی

مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جہانیاں میں نواحی اڈہ پر ویزوالا کے قریب مسافر بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے، بس رحیم یار خان سے فیصل آباد جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آ گیا،لا شوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسیکو1122 کے مطابق رحیم یار خان سے فیصل آباد جانے والی 2 بسیں ریس لگا رہی تھیں کہ ایک بس آگے نکل گئی جبکہ دوسری تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ریسیکو 1122 نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول ہسپتال جہانیاں اور خانیوال منتقل کر دیا جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی تاہم بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

دوسری جانب گوجرخان جی ٹی روڈ پر سوار محمد حسین شہید اسپورٹس اسٹیڈیم کے سامنے اسلام آباد سے گوجر خان آنے والی سوزوکی کیری بولان سیمنٹ سے لدے ٹرک کے ساتھ بیک سائیڈ سے ٹکرا گئی ، اس خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد، جن میں ماں، باپ اور بیٹا شامل ہیں، موقع پر جاں بحق جبکہ 4 بچے شدید زخمی ہوگئے۔ریسیکو ذرائع کے مطابق دولتالہ کے نواحی گاں راماں کے رہائشی خاندان کے افراد ایک فوتگی میں شرکت کے لیے گوجرخان جا رہے تھے تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

حادثے میں علی عمران ولد ملک غلام حسین عمر 38 سال، ان کی اہلیہ فوزیہ بہرام عمر 38 سال اور بیٹا عمران رضا جاں بحق ہوگئے، جبکہ چار بچے شدید زخمی ہوئے سدرہ رضا دختر عمران رضا عمر 15 سال محسن رضا ولد عمران رضا عمر 14 سال علی عمران ولد عمران رضا عمر 12 سال تحسین فاطمہ دختر عمران رضا عمر 9 سال بتائی جاتی ہے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرخان منتقل کیا گیا، جہاں سے دو بچوں کو تشویشناک حالت کے باعث راولپنڈی ریفر کردیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

علاوہ ازیں چنیوٹ میں لاہور روڈ پر نامعلوم گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے لا شوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔

کراچی شہر کے علاقے گڈاپ چھوٹا گیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔متوفین کی لاشیں رات گئے عباسی شہید ہسپتال لائی گئیں، جاں بحق اور زخمی ہونے والے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز جتوئی کا کہنا ہے کہ حادثہ موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جارہی ہے۔جبکہ متوفین کی شناخت کے حوالے سے بھی پولیس کوششیں کر رہی ہے۔