نیٹ بندش،بلوچستان میں صارفین کو پیکیج واپس ملیں گے

اسلام آباد:وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے بلوچستان میں انٹرنیٹ بندش کی وجہ سیکورٹی خدشات کو قرار دے دیا۔

سینیٹ اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش سیکورٹی خدشات کے باعث کی جاتی ہے، کسی کو شوق نہیں کہ سروسز کو معطل کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 6 سے 31 اگست تک انٹرنیٹ عارضی معطل کرنے کا آرڈرکیاگیا جس کی وجہ سیکورٹی خدشات تھے تاہم صوبے میں پروازیں بحال ہیں،ٹرین اور سڑک کے راستے بھی کھلے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جہاں دہشت گردی ہوتی ہے وہاں یہ سب اقدامات کیے جاتے ہیں اور اس کا مقصد امن وامان کی صورتحال کو بہتربنانا ہے۔ طارق فضل نے مزید کہا کہ جن دنوں میں انٹرنیٹ بندش رہی اس دوران خریدے گئے پیکیج محفوظ رہیں گے اور اگلے ماہ منتقل ہوں گے۔