پاکستان اور امریکا کاانسداد دہشت گردی سمیت مختلف امور پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان اہم امور پر اتفاق کیا گیا۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، انسداد دہشتگردی، بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں امریکی وفد کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں معلومات کے تبادلوں کو موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آنے کے بعد پاک امریکا تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔

امریکی صدر کی عالمی امن کے لیے مخلصانہ کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ پاک امریکا تعلقات میں شفافیت، باہمی اعتماد اور تعاون کا عنصر نمایاں ہے۔ یہ بہترین موقع ہے کہ باہمی تعلقات کو ہر شعبے میں فروغ دیا جائے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ سے مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی۔

امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا احسن اقدام ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک امریکا تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری لوگور نے کہا کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے۔ انہوں نے دہشت گرد حملوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کا اظہار بھی کیا۔

ادھرپاکستان اور امریکا نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیاہے اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کو تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہمیت کا حامل قراردیا ہے۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ‘موڈیز کی طرف سے اپ گریڈ’ پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی کا ثبوت ہے۔امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں ۔ امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نٹالی بیکر نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ تجارت، تجارت اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستانی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، موڈیز کی طرف سے حالیہ اپ گریڈ ـ پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی کا ثبوت ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ سخت اور ضروری معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت اور برآمدات کی ترقی کی چاہتا ہے، پاکستان کی معاشی اور ترقیاتی امداد پر امریکا کے شکر گذار ہیں۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکرنے کہا کہ تجارتی معاہدے سے پاکستان اور امریکہ کو دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے کا موقع ملا ہے،امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں، نئے معاہدے سے سپلائی چین، پیداوار، پراجیکٹ مینجمنٹ، توانائی، اہم معدنیات، کان کنی اور تیل کی تلاش میں تعاون بڑھے گا۔

ملاقات کے بارے میں جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی ناظم الامور نے دونوں اطراف اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاک امریکا معاہدہ باہمی طور پر فائدہ مند نتائج کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے، معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔