اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے ، دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ، دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعث اطمینان ہے ،ہماری خواہش ہے چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی گارمنٹس گروپ ”چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ”کے وفد نے ملاقات کی وفد کی قیادت چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹیڈ کے چیئرمین ہوآنگ وئیگونے کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے ، دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعث اطمینان ہے ،ہماری خواہش ہے کہ چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ چیلنج فیشن گروپ کے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کو سراہتے ہیں ،چیلنج گروپ کی جانب سے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔
شہبازشریف نے کہاکہ اس خصوصی اقتصادی زون کے ذریعے ٹیکنالوجی ٹرانسفر ، اسکل ڈویلپمنٹ اور پائیدار صنعتی ترقی میں مدد ملے گی ۔وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زون کے حوالے سے چیلنج گروپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہم چینـپاکستان اقتصادی راہداری کے صنعتی حصے کے فروغ کے لئے پر عزم ہیں ۔
شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان ٹیکسٹائل کے شعبے میں چین کی ترقی اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جلد ہی چین میں چین ـپاکستان بزنس ـٹوـبزنس کانفرنس منعقد کی جائے گی؛ یہ کانفرنس چین اور پاکستان کے نجی کاروباری اداروں کو اشتراک کا ایک موقع فراہم کرے گی۔چیئرمین چیلنج فیشن گروپ نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
چیئر مین چیلنج گ روپ نے کہاکہ چیلنج فیشن گروپ 2014 سے اب تک پاکستان میں 17 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کر چکا ہے ،چیلنج فیشن گروپ پاکستان میں ایک جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری قائم کر رہا ہے۔ ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ چیلنج فیشن گروپ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون قائم کر رہا ہے ۔ بتایاگیاکہ اس خصوصی اقتصادی زون سے 5 سالوں میں 100 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے نتیجے میں 400 ملین امریکی ڈالرز کے برآمدات متوقع ہیں ۔
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف دوطرفہ میکانزم کے احیاء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان کی ملاقات ہوئی۔محمد اقبال حسین خان نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرا عظم نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے ساتھ گزشتہ دسمبر میں قاہرہ میں Dـ8 سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنی گرمجوش ملاقات اور نتیجہ خیز بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں فریقوں کے درمیان مختلف دوطرفہ میکانزم کے احیاء پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا ذکر کرتے ہوئے، بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے وزیراعظم کو سفر، تجارت اور رابطوں کو آسان بنانے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی کے تاریخی بندھن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
