سویڈن کی مسجد پر فائرنگ، ایک شخص شہید، متعدد زخمی، حملہ آور فرار

اسٹاک ہوم : سویڈن کے شہر اوری برو (Örebro) میں نماز جمعہ کے وقت ایک مسجد کے قریب اس وقت فائرنگ کی گئی جب نمازی باہر آ رہے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد پر فائرنگ میں کم از کم 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ ان زخمیوں میں سے ایک نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا جب کہ دیگر دو کی حالت بھی نازک ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک دو افراد کو گولیاں لگنے کی تصدیق ہوئی ہے جنھیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ تاحال حملہ آور گرفتار نہیں ہوا اور یہ بھی واضح نہیں کہ وہ مسجد کو نشانہ بنا رہا تھا یا کسی مخصوص شخص کو قتل کرنے آیا تھا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزم کی تلاش شروع کردی۔ شہریوں کو مسجد سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔
یہ واقعہ سویڈن میں اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے سلسلے میں تازہ اضافہ ہے۔ خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی، مساجد کے باہر نفرت انگیز مظاہرے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے سویڈش حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نفرت انگیز جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور مذہبی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنائے۔