دیکھئے ویڈیو: بارش کے دوران سڑک کی کارپیٹنگ، کراچی میں ایسے کمالات بھی انجام پاتے ہیں!

شہر قائد میں بارش کے دوران گرومندر کے قریب سڑک کی کارپیٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ٹیکنیکل سروسز طارق مغل کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

ڈی جی ٹیکنیکل کے مطابق محرم الحرام سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی مرمت اور کارپیٹنگ کا کام محکمہ انجینئرنگ کی جانب سے جاری تھا۔

گرومندر کے قریب بھی روڈ کارپیٹنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری تھا کہ اچانک بارش کا آغاز ہو گیا۔ طارق مغل کا کہنا ہے کہ متعلقہ سڑک پر ڈامر ڈالنے کا عمل مکمل ہو چکا تھا جب بارش شروع ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر کام روک دیا گیا۔

ان کے مطابق، کسی شہری نے اس دوران ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس سے غلط فہمی پیدا ہوئی کہ بارش کے دوران کارپیٹنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔

ڈی جی ٹیکنیکل نے مزید کہا کہ بارش کے مکمل اختتام تک مذکورہ مقام پر کارپیٹنگ کا کام معطل کر دیا گیا ہے، اور آئندہ بھی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر موجود معلومات کی تصدیق کیے بغیر منفی تاثر نہ پھیلائیں۔