WhatsApp AI Feature

واٹس ایپ کا نیا اے آئی فیچر: لمبے پیغامات کی مختصر سمری فراہم کرنے کی سہولت متعارف

واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے چیٹس میں موجود طویل پیغامات کو مختصر سمری کی صورت میں دیکھا جا سکے گا۔ یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہے جو ایک ساتھ کئی ان ریڈ (غیر پڑھے ہوئے) پیغامات سے نمٹنے میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔

میٹا کی پرائیویٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی سے چلنے والا یہ فیچر، “میٹا اے آئی چیٹ بوٹ” کے ذریعے کام کرے گا، جو صارف کو چیٹ میں موجود اہم نکات کا خلاصہ فراہم کرے گا۔ جب کسی چیٹ میں متعدد ان ریڈ میسجز ہوں گے، تو صارف کو ان کے اوپر “Summarize Privately” کا آپشن نظر آئے گا۔ اس پر کلک کرنے سے چیٹ بوٹ وہ پیغامات پڑھ کر مختصر اور اہم نکات والا خلاصہ پیش کرے گا۔

یہ فیچر نہ صرف وقت بچانے میں مدد دے گا بلکہ صارفین کو بات چیت کے سیاق و سباق کو بہتر سمجھنے اور جلدی ردعمل دینے میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ اس فیچر کے تحت تیار کردہ سمری صرف صارف کو ہی دستیاب ہوگی اور اسے نہ واٹس ایپ، نہ میٹا اور نہ ہی کسی تھرڈ پارٹی کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

ابتدائی مرحلے میں یہ فیچر صرف انفرادی چیٹس کے لیے دستیاب ہوگا، جبکہ گروپ چیٹس میں اس کا استعمال فی الحال ممکن نہیں تاکہ گروپ پرائیویسی کو مزید محفوظ رکھا جا سکے۔