رواں سال حج کے دوران پاکستانی عازمین کے کھانے پر 15 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق، ہر عازم کو روزانہ 34 سعودی ریال مالیت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ کھانے کی مد میں فی حاجی سے 1360 ریال وصول کیے گئے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں 22 اور مدینہ منورہ میں 13 کمپنیاں پاکستانی عازمین کو کھانے کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ حاجیوں کو اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں سستا اور معیاری کھانا مہیا کیا جا رہا ہے، جس میں روزانہ تین وقت کا مکمل کھانا شامل ہے۔سرکاری اسکیم کے تحت اب تک 88 ہزار 380 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ نجی اسکیم کے تحت 27 ہزار 11 عازمین نے شرکت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر 10 ذی الحج کو عازمین کو خصوصی دیسی کھانے پیش کیے جائیں گے جن میں ناشتہ میں آملیٹ، حلوہ، خبس/روٹی اور دودھ والی چائے، دوپہر میں چکن بخاری، دال مونگ، روٹی اور سیب، جبکہ رات کے کھانے میں آلو مٹن قیمہ، مکس سبزی، متنجن، روٹی، سبز چائے اور دیگر اشیاء شامل ہوں گی۔
عازمین کو ہر کھانے کے ساتھ جوس یا لسی، پانی اور پھل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ طویل دورانیے کا حج 40 سے 46 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ کم دورانیے کا حج 22 سے 25 روز پر محیط ہوتا ہے۔
