بھارت ناکام، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، کئی ممالک کی دلچسپی

کراچی : خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے موثر تعاون سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے، جسے پاکستان کی اقتصادی کامیابی اور استحکام کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔حالیہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد بھارتی پروپیگنڈے اور معیشت پر حملے مکمل طور پر بے اثر ثابت ہوئے ہیں، جبکہ دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے پاکستانی معیشت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
چین کی جانب سے توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، اور صنعتی شعبوں میں 1028.6ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ پاکستان میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکی سرمایہ کاری 111.1ملین ڈالر جبکہ برطانوی سرمایہ کاری 215.6ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے، جو عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق ایس آئی ایف سی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتیں اور پالیسی معاونت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، جو مستقبل میں پاکستان کے معاشی استحکام کی بنیاد بنے گا۔